ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بہار حکومت شہاب الدین کی ضمانت منسوخ کرانے کے لیے سپریم کورٹ جائے گی

بہار حکومت شہاب الدین کی ضمانت منسوخ کرانے کے لیے سپریم کورٹ جائے گی

Thu, 15 Sep 2016 12:18:46    S.O. News Service

پٹنہ ، 14؍ستمبر(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )راشٹریہ جنتا دل کے سابق ایم پی محمد شہاب الدین کی جیل سے رہائی کے بعد تنقید کا سامنا کر رہی بہار حکومت پٹنہ ہائی کورٹ کی طرف سے انہیں دی گئی ضمانت کے خلاف سپریم کورٹ جانے کی تیاری کر رہی ہے۔جے ڈی یو کے ترجمان اجے آلوک نے کہاکہ نتیش کمار حکومت گزشتہ 11 سالوں سے اس کوطریقہ کار کی پیروی کر رہی ہے کہ اگر بہار حکومت کسی کو ملی ضمانت سے مطمئن نہیں ہے تو وہ اعلی عدالتوں میں اپیل کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسا ہوا ہے اور اس وقت شہاب الدین کے معاملے میں بھی اس طریقہ کار پر عمل کیا جائے گا۔ترجمان نے کہا کہ ایسے معاملات میں اگر ضمانت کی کسی شرط کی خلاف ورزی ہوئی ہے تو متعلقہ ضلع انتظامیہ تجویز بتاتی ہے اور ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست دائر کی جاتی ہے۔آر جے ڈی کے سابق ایم پی کی ضمانت منسوخ کرنے سے متعلق درخواست میں ہو رہی تاخیر پر بی جے پی کی طرف سے سوال اٹھائے جانے کو لے کر جے ڈی یو کے ترجمان نے کہا کہ تہوار کی وجہ سے عدالتیں بند تھیں۔اس درمیان سیوان کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سوربھ کمار ساہ نے کہا کہ ضلع پولیس جائزہ لے رہی ہے کہ شہاب الدین کے معاملے میں ضمانت کی کسی شرط کی خلاف ورزی ہوئی ہے یا نہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی کا کوئی بھی ثبوت سامنے آتا ہے ، تو ہم ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست دیں گے۔ساہ نے کل کہا تھا کہ صحافی راجدیو رنجن کے قتل کے مشتبہ مفرور محمد کیف اور محمد جاوید کی شہاب الدین کے ساتھ تصویر پر پولیس نے نوٹس لیا ہے۔ہفتہ کو بھاگلپور جیل سے رہائی کے بعد لی گئیں شہاب الدین کی تصاویر میں سے ایک میں دونوں مفرور نظر آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں شہاب الدین کو نوٹس بھیجا جائے گا اور پولیس ان سے پوچھ گچھ بھی کرے گی۔میڈیا میں آئی خبروں کے مطابق، وزیر اعلی نے حال ہی میں شہاب الدین کی رہائی کے معاملے پر ایڈووکیٹ جنرل رام بالک مہتو اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل للت کشور کے ساتھ طویل ملاقات کی تھی۔شہاب الدین اپنے خلاف درج سنگین جرائم کے درجنوں مقدمات میں گزشتہ 11سالوں سے جیل میں بند تھے ۔انہیں 7 ؍ستمبر کو پٹنہ ہائی کورٹ نے ضمانت دی، اور ہفتہ کو ان کو بھاگلپور جیل سے رہا کردیا گیا تھا ۔


Share: